توشہ آخرت کیا ہو؟


ایمانی_کوشش_توشہ_آخر

توقیر بدر آزاد

آئیے بحیثیت ایک مومن کچھ سوچتے ہیں کچھ حل کرتے ہیں!
الف:ایسا کیوں ہورہا ہے کہ دیگر قوم کی بچیوں کی طرح مسلم بچیوں میں بھی تعلیم کا رجحان ایک طرف عام ہورہا ہے،تو دوسری طرف یہی بنت حوا جہالت کے شکنجے میں جکڑی ہوئی نظر آتی ہے،چناچہ کبھی غیروں کے ساتھ انکے افیئر تو کبھی انکی شادی کی خبریں،کبھی اپنوں سے طلاق تو کبھی سماجی جبر کی شکار!
ب:ہو یہ بھی رہا ہے کہ سبھی کمیونٹی کی طرح مسلم کمیونٹی کے بھی بعض طبقے،بعض علاقے،بعض شعبے کے نوجوان کمائی کی دنیا میں آگے آرہے ہیں،منصب پارہے ہیں،مگر اسی کمیونٹی کے دیگر علاقے طبقے اور شعبے سے وابستہ اور ناخواندہ نوجوان بچھڑتے اور پھسلتے چلے جارہے ہیں؟کویی دین کے الف با سے محروم تو کوئی نان شبینہ تک کا محتاج!جبکہ وقت وسائل سبھی کو قدرت کی طرف سے یکساں میسر!
ج:قیادت کا بحران نہ مسائل کے پیش نظر وسائل کی قلت،تعلیمی لیاقت کی کمی نہ سیاسی و قومی منصوبہ بندی کی صلاحیت کا فقدان،پھر بھی ہر سطح پر اس کمیونٹی کو اسکی شناخت سے لیکر اسکی بقا تک کو چیلنج و خطرات کیوں؟
آخر مذکورہ بالا فکری و اعتقادی،ثقافتی و تمدنی،معاشی واقتصادی اور سماجی وسیاسی بحران کی وجہ کیا ہے؟
وہ وجہ' کہیں جماعت و اجتماعیت کی پابند قوم میں ہر محاذ پر آپسی اتحاد و رابطے کا فقدان تو نہیں؟تعلیم پاکر نکلنے والی نسل کے نصاب و معلمین کی کارستانی اور والدین کی لاپرواہی تو نہیں؟
'مومن /مسلم نوجوان' کی جگہ فقط' جمہور' بھیڑ' و 'اکثریتی' جیسے عنوان پر فٹ بیٹھنے والی نوجوان نسل تو نہیں؟
'تم سب بھائی بھائی ہو'جیسے مقدس نعرہ سے اٹھنے والی قوم میں آج ہر شعبے اور طبقے میں اشراف و ارذال والی برہمنی بھید بھاؤ اور اونچ نیچ تو نہیں؟
ہر ایک شعبے،ادارے تنظیم میں سرداری و قیادت کو ذمہ داری،ایثار و قربانی کا محل و متقاضی سمجھنے کے بجایے،فقط آداب و ألقاب اور دنیا بٹورنے 'ہٹو بچو' کہنے والے گماشتے و ہرکارے کو جمع کرنے کا سبب جاننا تو نہیں؟
خدمت خلق سے معنون گدیوں، انجمنوں و تنظیموں کی گدی / جاں نشینی کے لیے اقربا پروری اور برہمنی ونش واد تو نہیں؟نظم و ضبط اور صلاحیت و صالحیت کو پش پست ڈال کر اوروں کی طرح فقط بھیڑ بھاڑ بے نتیجہ جلسہ جلوس،اپنی شہرت اور مروجہ و موجودہ سرکار سے اسی بہانے قربت کے متلاشی احتجاج کرنے اور کروانے والے چاپلوس عناصر و فریبی سردار تو نہیں؟
ترجیحات کا تعین کیے بغیر مسرفانہ جلسہ جلوس اور الفاظ و گیت کے پیرایے میں خواب آور بھانگ پلانے والے گویے شاعر اور بھانڈ مقرر اور اللے تللے ان پر خرچ تو نہیں؟
سوچیے اور اپنے ہم مزاج دوستوں کو ساتھ لیکر جو کچھ اپنی سی اسلامی سعی و ایمانی کوشش کر سکتے ہیں،تو کیجیے اور اس پر ڈٹ جاییے کہ یہی پیغام ہے "وان لیس للانسان الا ما سعی"! کا اور یہی توشہ آخرت بھی!

تبصرے